اسلام آباد…برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن نے کہا ہے کہ برطانیہ سمجھتا ہے کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کے ذریعے حل ہونا چاہیے۔ اسلام آباد میں یوتھ پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈم تھامسن نے کہا کہ سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کو چیلنجز درپیش ہیں۔ تاہم برطانیہ پاکستان کا مکمل ساتھ دیتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پانی کی مینجمنٹ کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ پانی ضایع ہونے سے بچایا جا سکے۔ پاکستان کو یورپی منڈیوں تک رسائی کیلئے یورپی یونین کے قوانین میں تبدیلی کرنا ہوگی، جبکہ پاکستان کی طرف سے امداد کے بجائے یورپی منڈیوں تک رسائی کی بات درست ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تعلیم سمیت تمام شعبوں میں دی جانے والی امداد کی سخت نگرانی کی جارہی ہے کیونکہ ہم نہیں چاہتے کہ ہمارے شہریوں کے ٹیکس سے دی جانے والی امداد میں بے ضابطگی ہو۔ یوتھ پارلے منٹ کے ارکان نے ان سے سوال کیا کہ برطانیہ کو اگر کوئی مجرم مطلوب ہوتا ہے تو وہ پاکستان سے گرفتار کرلیا جاتا ہے جبکہ پاکستان سے پیسے لوٹ کر برطانیہ میں پناہ لیے والوں کو پاکستان کے حوالے کیوں نہیں کیا جاتا؟ برطانوی ہائی کمشنر نے اس سوال کا جواب نہیں دیا۔